بھٹکل 30 نومبر (ایس او نیوز) شہر کے کارگیدے کی مسجد معاذ بن جبل میںالفلاح یوتھ سروس آرگنائزیشن کے زیراہتمام اسکول اور کالجس میں پڑھنے والے طلبا و طالبات کے لئے حفظ قران کلاسس کے انعقاد کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں آل انڈیا پیام انسانیت کے جنرل سکریٹری مولانا سید بلال عبدالحیی حسنی ندوی نے جلسہ میں شریک تمام لوگوں کو سورۃ فاتحہ پڑھا کر حفظ کلاسس کا آغاز کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مولانا نے فرمایا کہ قران حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی عملی زندگی ہے، قران سیرت ہے اور سیرت قران ہے، قران میں جو کچھ اُترا ہےآپ ﷺ نے اُس کی تشریح کی ہے۔ مولانا نے فرمایا کہ جس طرح اللہ تعالیٰ نے قران پاک کی حفاظت کا وعدہ فرمایا، اللہ نے اس امت کی بھی حفاظت کا وعدہ کیا ہے۔ اللہ تعالیٰ نے اس قران کو حفاظت دین کا ایک ذریعہ بنایا ہے، جو قران سے اپنا تعلق رکھے گا، جو قران کویاد کرے گا، ادب کرے گا، تلاوت کرے گا، حقوق ادا کرے گا، جو اس کو سمجھے گا، جو دوسروں کو سمجھائے گا، جو اس پر عمل کرے گا، عمل کرائے گا، جو اس کے پیغام کو عام کرے گا، اللہ نے سب کی حفاظت کا وعدہ کیا ہے۔
تقریب میں مسجد معاذ بن جبل کے شبینہ مکتب سے حفظ قران مکمل کرنے والے دو نوجوانوں حافظ عبدالرحمن ابن عبداللہ افریقہ اور حافظ رواحہ ابن اسماعیل عیدروسہ کی تہنیت کرتے ہوئے انعامات سے نوازا گیا۔
حافظ عُبید الرحمن ابن مولانا امین رکن الدین کی تلاوت کلام پاک سے پیر بعد نماز عشاء جلسہ کا آغاز ہوا، الفلاح تعلیمی کمیٹی کے سکریٹری مولوی شریع کوبٹے ندوی اور الفلاح کے جنرل سکریٹری مولوی وصی اللہ ڈی ایف نے نظامت کے فرائض کے انجام دیئے۔ احمد مفضال ابن ضیاء اللہ ڈی ایف نے نعت پاک پڑھ کر سنائی۔ مولوی عبدالنور فکردے ندوی نے مہمان خصوصی مولانا سید بلال حسنی ندوی کا تعارف پیش کرنے کے ساتھ ساتھ تمام مہمانان اور حاضرین کا استقبال کیا۔

الفلاح کے جنرل سکریٹری مولوی وضی اللہ ڈی ایف نے حفظ کلاس کے اُصول و ضوابط پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ عصر نماز کے بعد اسکول اور کالج میں پڑھنے والے لڑکوں اور لڑکیوں کو حفظ قران کلاس میں داخلہ دیا جائے گا۔ لڑکوں اور لڑکیوںکے لئے الگ الگ کلاسس کا اہتمام کیا گیا ہے اور لڑکیوں کے لئے معلمہ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ بچے دس سال سے بڑی عمر کے ہوں اور ان کا قران ختم ہوچکا ہو، صرف ایسے بچوں کو ہی حفظ میں داخلہ دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کلاسس میں الفلاح کے تحت آنے والے علاقوں کے بچوں کو ہی ترجیح دی جائے گی،جس میں مسجد خالد بن ولید، مسجدابو عبیدہ، مسجدحسن قاضیا، مسجدمعاذ بن جبل، مسجد مزمل اور مسجد احمد سعیدکے علاقے شامل ہیں۔ مولانا نے دبئی الفلاح کے نوجوانوں کی سراہنا کرتے ہوئے بتایا کہ اُن ہی کی تحریک اور اُن ہی کے اُبھارنے پر ہم نے حفظ قران کلاسس کی شروعات کی ہے۔
مسجد معاذ بن جبل کے صدر مولانا مقبول کوبٹے ندوی جو ایک سڑک حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے مینگلور اسپتال میں ایڈمٹ ہیں انہوں نے اس پروگرام کے لئے اپنا پیغام روانہ کیا تھا جس میں انہوں نے حفظ قران مکمل کرنے والے دونوں نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی تھی اور محلہ کے نوجوانوں کو شروع کئے گئے حفظ قران کلاسس میں شریک ہونے کی دعوت دی تھی۔
مولانا عبدالعلیم خطیب ندوی اور مولانا الیاس ندوی نے اپنے تاثرات پیش کرتے ہوئے شبینہ مکتب سے قران حفظ کرنے پر دونوں نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی۔
مولانا بلال نے ایک طرف حفظ کلاس کا آغاز کیا وہیں دوسری طرف دو نوجوانوں کے حفظ مکمل کرنے پر قل اعوذ برب الفلق اور قل اعوذ برب الناس پڑھ کر دونوں کے حفظ قران کو مکمل کرایا ۔صدر الفلاح عبدالسلام نے کلمات تشکر پیش کیا۔ آخر میں مولانا بلال کی دعا پر مجلس اختتام کو پہنچی۔
مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین کے قاضی مولانا خواجہ معین اکرمی مدنی، بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی، الفلاح کے فاونڈر ممبر شاہ بندری محسن، مسجد معاذ بن جبل کے جنرل سکریٹری بلال قمری، نائب صدر ایس جے سید ہاشم و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔